لاہور: تربیلا ڈیم ہائیڈل سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا۔
تفصیلات کے مطابق تربیلا ڈیم ہائیڈل سسٹم میں اچانک تکنیکی خرابی کے باعث بجلی کی پیداوار شدید متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں لاہور سمیت پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں میں بجلی کا شارٹ فال بڑھ گیا ہے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
تربیلا ڈیم میں تکنیکی خرابی، ملک بھر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا
تربیلا ڈیم کے ہائیڈل سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی، جس سے ملک میں بجلی کی طلب اور رسد کا فرق مزید بڑھ گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ تربیلا ڈیم سے بجلی کی پیداوار کم ہوکر 656 میگاواٹ رہ گئی ہے جبکہ دو یونٹ بند ہیں۔
ہائیڈل بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث لاہور سمیت پنجاب اور ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کا شارٹ فال بڑھ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ لیسکو کا شارٹ فال 800 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث لاہور میں شام کے بعد چار گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
لیسکو سمیت کسی بھی بجلی تقسیم کار کمپنی نے لوڈشیڈنگ کا باقاعدہ شیڈول جاری نہیں کیا تھا، جس پر وزارتِ پاور نے نوٹس لیتے ہوئے تمام کمپنیوں کو فوری طور پر لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔

