اسلام آباد میں وزیر داخلہ کے ویژن کے تحت کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے خواتین کیلئے خصوصی پنک بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سی ڈی اے خواتین کیلئے مخصوص 30 پنک کلر الیکٹرک بسیں خریدے گا، جو چین سے درآمد کی جائیں گی ،سی ڈی اے بسوں کی درآمد کیلئےہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی خدمات حاصل کرے گا
پنک بس سروس کے آغاز کیلئے سی ڈی اے کے متعلقہ ونگ کو بورڈ کی منظوری کیلئے سمری تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ بورڈ سے منظوری کے بعد بسوں کی درآمد کیلئے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا سے باضابطہ رابطہ کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق نئی پنک بسیں اسلام آباد کی موجودہ الیکٹرک بس سروس کے روٹس پر چلائی جائیں گی، جبکہ ضرورت پڑنے پر خواتین کیلئے نئے روٹس بھی متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں اس وقت 160 سے زائد الیکٹرک بسیں 20 سے زائد روٹس پر شہریوں کو سفری سہولت فراہم کر رہی ہیں، جبکہ سی ڈی اے کی بسیں روزانہ ڈیڑھ لاکھ تک مسافروں کو سستی سفری سہولت مہیا کرتی ہیں۔
حکام کے مطابق رش کے اوقات میں خواتین اور طالبات کو بسوں میں جگہ نہ ملنے کے مسائل کے پیش نظر الگ پنک بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ پنک بس سروس آئندہ تین ماہ کے اندر شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

