پنجاب میں پانچویں جماعت کے طلباء کا باقاعدہ بورڈ امتحان لینے کا فیصلہ مؤخر کردیا گیا، رواں سال پانچویں جماعت کے طلباء کا بورڈ امتحان نہیں ہوگا بلکہ صرف اسیسمنٹ کی جائے گی۔
حکام کے مطابق پانچویں جماعت کے لیے آئندہ تعلیمی سال 2027-28 سے بورڈ کی طرز پر باقاعدہ امتحانی نظام متعارف کروایا جائے گا۔
دوسری جانب آٹھویں جماعت کے چار بڑے مضامین کے امتحانات سابقہ طریقہ کار کے مطابق منعقد ہوں گے، تاہم امتحانی نظام کو جدید بنانے کے لیے خصوصی ای شیٹس اور آن اسکرین مارکنگ کا انتظام کیا جائے گا۔ طلباء کے پرچوں کی جانچ بھی آن اسکرین مارکنگ کے ذریعے کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ہر سال آٹھویں جماعت کے امتحانات میں 30 لاکھ سے زائد طلباء شرکت کرتے ہیں، جس کے پیش نظر امتحانی عمل کو شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے جدید نظام متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم کے مطابق اس فیصلے کا مقصد کم عمر طلباء کو امتحانی دباؤ سے بچانا اور مرحلہ وار امتحانی نظام متعارف کروانا ہے۔
پیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ تعلیمی سال 2027-28 سے پانچویں جماعت کے لیے باقاعدہ امتحانی نظام نافذ کیا جائے گا، جبکہ اس اقدام سے امتحانی عمل میں شفافیت اور مارکنگ کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

