سرکاری ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری، فیڈرل پبلک سروس کمیشن ( ایف پی ایس سی) نے گریڈ 16 سے 20 تک مختلف سرکاری محکموں میں متعدد آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کردیا۔
ایف پی ایس سی کے اشتہار میں طبی، انتظامی، انجینئرنگ، سائنسی اور دیگر شعبوں کی آسامیاں شامل ہیں اشتہار کے مطابق آڈیٹر جنرل پاکستان کے تحت اسسٹنٹ آڈٹ آفیسر گریڈ 17 کی 160 جبکہ فیڈرل میڈیکل کالج میں ڈیمونسٹریٹر گریڈ 17 کی 25 آسامیاں مشتہر کی گئی ہیں۔
وزارت منصوبہ بندی کے اکانومسٹ گروپ میں گریڈ 17 کی 12 آسامیاں شامل ہیں، پمز اسلام آباد میں پروفیسر گریڈ 20 کی 6 اور ایسوسی ایٹ پروفیسر گریڈ 19 کی 2 آسامیاں مشتہر کی گئی ہیں جبکہ وزارت دفاع کے اے ایف آئی آر ایم میں نرس گریڈ 16 کی 10 جبکہ جی ایچ کیو میں سویلین میڈیکل پریکٹیشنر گریڈ 17 کی 4 آسامیاں شامل ہیں۔
وزارت ریلوے میں اسسٹنٹ انجینئر گریڈ 17 کی 3، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کی 4، اسسٹنٹ کنٹرولر اور اسسٹنٹ مکینیکل انجینئر کی 2، 2 جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل کی ایک آسامی مشتہر کی گئی ہے۔
وزارت منصوبہ بندی میں ڈپٹی چیف، اسسٹنٹ چیف اور ریسرچ افسران کی آسامیاں بھی شامل ہیں۔ وزارت دفاع اور جی ایچ کیو میں سائنسی، آرڈننس، سیکیورٹی اور فنانس کے شعبوں میں بھی بھرتیاں کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ جونیئر سائنٹفک آفیسر گریڈ 16 کی 2، وزارت قانون میں اسسٹنٹ ڈرافٹسمین گریڈ 18 کی ایک، وزارت مذہبی امور میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر گریڈ 17 کی ایک، قومی ورثہ ڈویژن میں ڈپٹی ڈائریکٹر گریڈ 18 کی ایک اور خزانہ ڈویژن میں بجٹ پبلی کیشن آفیسر گریڈ 18 کی ایک آسامی شامل ہے۔
گلگت بلتستان کے مختلف محکموں میں بھی سرکاری آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایف پی ایس سی کے مطابق مختلف آسامیوں کے لیے صوبائی، علاقائی اور خواتین کوٹے مختص کیے گئے ہیں۔ امیدوار اہلیت، تعلیمی قابلیت، تجربے، عمر اور کوٹے سے متعلق تفصیلات اشتہار میں دیکھ سکتے ہیں۔

