رائیونڈ اجتماع کے حوالے سے ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے گئے، اختتامی دعا کے موقع پر رائیونڈ جانے والی تمام اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق کل صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے تک رائیونڈ کے تمام راستے بند رہیں گے، جبکہ رائیونڈ سٹی اور اجتماع کی جانب آنے والے راستوں پر بھی ٹریفک کی آمدورفت معطل رہے گی۔
اختتامی دعا کے موقع پر پاجیاں موڑ، قزلباش چوک اور ٹھوکر نیاز بیگ تک دونوں اطراف ٹریفک ون وے چلائی جائے گی۔ بھوبتیاں چوک سے موہلنوال تک شرکاء کی گاڑیوں کو یکطرفہ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح سندر روڈ، مانگا روڈ، کوٹ رادھا کشن اور صوئے آصل روڈ پر بھی یکطرفہ ٹریفک چلے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق اجتماع کے اختتام پر شرکاء کے انخلاء کے دوران موٹروے اور رنگ روڈ سے رائیونڈ اترنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ رائیونڈ، مانگا، سندر اور موہلنوال روڈ پر کسی مقام سے روڈ کراسنگ بھی نہیں کی جا سکے گی۔
سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی کے مطابق انخلاء کے دوران پہلے مرحلے میں موٹرسائیکل اور رکشہ اسٹینڈز خالی کروائے جائیں گے، دوسرے مرحلے میں کار اور ویگن جبکہ آخری مرحلے میں بس اور ٹرک اسٹینڈز خالی ہوں گے۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی وارڈنز اور دفتری عملے کو بھی فیلڈ میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی او کا کہنا ہے کہ ٹریفک کا دباؤ کم ہونے پر تمام شاہراہوں کو معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔
لاہور پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کل صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے تک رائیونڈ روڈ پر سفر کرنے سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کریں۔

