حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول 9 روپے 41 پیسے سستا کیا گیا ہے جس کے بعد نئے نرخ 352 روپے 59 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئے ہیں۔
ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 56 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 382 روپے 25 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا جبکہ قیمتوں میں ردوبدل ایک روز کے لیے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فیول ریلیف اسکیم میں رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت نہ دینے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت “پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام” کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں وزیراعظم نے پروگرام کی پیشرفت اور شفافیت پر کامل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے واضح کیا تھا کہ رجسٹرڈ مستحق شہریوں کو فیول ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
انھوں نے ہدایت کی تھی کہ جو پیٹرول پمپس مستحقین کو سہولت فراہم نہیں کریں گے، ان کے لائسنس سسپنڈ یا منسوخ کر دیے جائیں گے۔

