کھٹمنڈو : نیپال میں ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ کے علاقے میں لینڈنگ کے دوران دو نجی ہیلی کاپٹرز میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک بھارتی سیاح ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نیپال کے ضلع سولوکھُمبو میں واقع ایورسٹ بیس کیمپ کے قریب ایک خوفناک حادثے میں دو ہیلی کاپٹرز آپس میں ٹکرا گئے۔
حادثے کے نتیجے میں ایک بھارتی سیاح ہلاک جبکہ نیوزی لینڈ کا ایک شہری اور دونوں ہیلی کاپٹرز کے پائلٹس زخمی ہوگئے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یہ حادثہ سولوکھُمبو ڈسٹرکٹ کے ‘فیریچے’ ہیلی پیڈ پر لینڈنگ کے دوران پیش آیا، دونوں ہیلی کاپٹر ماؤنٹ ایورسٹ بیس کیمپ کے قریب ایک ہی مقام پر لینڈ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جس کے دوران تصادم ہوا۔
تصادم کا شکار ہونے والے دونوں ہیلی کاپٹرز نیپال کی نجی ایوی ایشن کمپنیوں ‘فش ٹیل ایئر’ (Fish Tail Air) اور ‘ڈائناسٹی ایئر’ (Dynasty Air) کے تھے۔
جاری ہونے والی ویڈیو فوٹیج اور ابتدائی رپورٹس کے مطابق لینڈنگ کی کوشش کے دوران دونوں ہیلی کاپٹرز کے پروپیلرز (روٹر بلیڈز) آپس میں ٹکرا گئے، جس سے دونوں تباہ ہو گئے۔
حکام نے ایک غیر ملکی شہری کی موت اور ایک مقامی نیپالی باشندے کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی اور زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات اور تفصیلات کا انتظار ہے۔
خیال رہے یہ افسوسناک واقعہ نیپال میں ٹریکنگ اور کوہ پیمائی کے عروج کے دوران پیش آیا ہے، جب بیس کیمپ کے خطے میں سیاحوں کو لانے لے جانے کے لیے ہیلی کاپٹرز کی پروازیں عروج پر ہوتی ہیں۔

