• Home  
  • مریم نواز سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
- پاکستان

مریم نواز سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پاکستان میں فرانس کے نئے سفیر ژاں نوئل پواریے نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نواز نے فرانسیسی سفیر کا پرتپاک استقبال کیا اور لاہور آمد پر ان کا شکریہ […]

مریم نواز سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پاکستان میں فرانس کے نئے سفیر ژاں نوئل پواریے نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم نواز نے فرانسیسی سفیر کا پرتپاک استقبال کیا اور لاہور آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں پنجاب اور فرانس کے درمیان باہمی تجارت کے نئے مواقع تلاش کرنے اور صنعتی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے فرانسیسی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں زراعت، صنعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے تحت سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے اربن ویسٹ واٹر گورننس پراجیکٹ میں بھی فرانسیسی سرمایہ کاروں کو شراکت داری کی پیشکش کی۔

ملاقات میں جی ایس پی پلس کے امور اور پاکستان کی برآمدات کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی برآمدات اور معیشت کے لیے لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ یورپی یونین پاکستان کی سب سے بڑی تجارتی شراکت دار ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ٹیکسٹائل اور کھیلوں کے سامان کی صنعت کے لیے یورپی منڈیوں تک ترجیحی رسائی ناگزیر ہے۔ فرانس کا تعاون یورپی یونین میں پاکستان کے تجارتی مفادات کے تحفظ کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔ فرانس ماضی میں وزارتی سطح پر پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت بھی کر چکا ہے۔

مریم نواز نے پنجاب میں این ٹی ڈی سی کی ٹرانسمیشن لائنوں اور گرڈ اسٹیشنز کے لیے قرض فراہم کرنے پر فرانس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فرانسیسی سفیر کی سفارتی خدمات کو بھی سراہا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ اور دوطرفہ تعلقات کو طویل المدتی اور مضبوط ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ فرانسیسی سفیر نے وزیراعلیٰ کو تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے فرانس کے دورے کی دعوت بھی دی، جس پر مریم نواز نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.