کراچی : سندھی مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں روایتی فوڈ اسٹریٹ کو ‘فوڈ واک’ میں تبدیل کردیا گیا، جس کا افتتاح یکم نومبر کو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق روشنیوں کے شہر کراچی کے شہریوں کے لیے کھانے پینے اور شام کی سیر و تفریح کا کا نیا مرکز تیار ہوگیا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ یکم نومبر کو سندھی مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی جدید ‘فوڈ واک’ کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔
چنیسر ٹاؤن کے زیرِ انتظام اس روایتی فوڈ اسٹریٹ کو جدید طرز پر “فوڈ واک” میں تبدیل کیا گیا ہے، جہاں شہری لذیذ کھانوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ پرسکون ماحول میں چہل قدمی بھی کر سکیں گے۔
فیملیز اور شہریوں کو گاڑیوں کے شوغل اور رش سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے شام 6 بجے سے رات 2 بجے تک فوڈ واک کی حدود میں عام گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔
یہاں دیسی کھانوں، باربی کیو، چائنیز فوڈ، فاسٹ فوڈ، آئس کریم اور شیکس سمیت مختلف اقسام کے معیاری ذائقے ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گے۔
چنیسر ٹاؤن انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد علاقے کو ایک محفوظ، معیاری اور فیملی فرینڈلی تفریحی مقام بنانا ہے جہاں شہری اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ بہترین وقت گزار سکیں۔

