وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں جرائم کی روک تھام، پولیس کی کارکردگی اور ٹریفک مینجمنٹ کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اجلاس میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ آئی جی پنجاب نے امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے پولیس افسران کو چار ہفتوں کی مہلت دے دی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ مدت میں بہتری نہ آنے پر متعلقہ پولیس افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع، بالخصوص صوبائی سرحدی علاقوں سے گندم کی اسمگلنگ روکنے، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پیشگی کارروائی اور اسلحے کی برآمدگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ پولیس میں انسدادِ رشوت ستانی مہم تیز کرنے اور بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا گیا۔
مریم نواز شریف نے ٹریفک مینجمنٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اوور اسپیڈنگ کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صوبہ بھر میں پولیس پٹرولنگ بڑھانے، لاہور میں ڈولفن فورس کو پٹرولنگ کے لیے موٹر سائیکلیں اور دیگر ضروری سہولتیں فراہم کرنے، جبکہ کیمرے والی عینکوں سمیت دیگر جاسوسی آلات پر پابندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے پولیس افسران کو تبلیغی اجتماع کے منتظمین سے خود ملاقات کرنے اور انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے راولپنڈی ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام آر پی اوز کو ہر قسم کے جرائم کے حوالے سے ہفتہ وار اجلاس منعقد کرنے اور متعلقہ ڈی پی اوز کی کارکردگی رپورٹس پیش کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس میں ملتان کے واقعے سمیت تمام سنگین جرائم پر بھی بریفنگ لی گئی۔ حکام کے مطابق پنجاب میں جرائم کی مجموعی شرح میں کمی کا رجحان ہے، جبکہ لاہور میں جرائم کی شرح میں مجموعی طور پر 41 فیصد اور ڈیرہ غازی خان ریجن میں 16 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی کو معافی دی جائے گی۔ انہوں نے منشیات کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں کرنے، جرائم کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس توڑنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے بھر میں پولیس پٹرولنگ واضح طور پر نظر آنی چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے مجوزہ دھرنے کے دوران بہترین ڈیوٹی انجام دینے پر آر ایم سی کو سراہا اور دورانِ ڈیوٹی جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے جاں بحق پولیس افسران کے اہلِ خانہ کو تاحیات تنخواہ اور مالی پیکیج دینے کی ہدایت بھی کی۔

