ٹرائی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کےلیے303رنز کا ہدف دیا ہے۔
راولپنڈی میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت پر فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 302 رنز بنائے۔
مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز 79 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ عرفات نے 59 رنز بنائے۔ صائم ایوب ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 8 رنز بنا سکے جب کہ بابراعظم نے 52 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی۔
سعد بیگ نے 35 اور فہیم نے 39رنز اسکور کیے۔ انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 3، گس ایٹکنسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ہوم گراؤنڈ پر 21سال بعد انگلینڈ سے ون ڈے کھیل رہا ہے اور ٹرائی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو ہرایا تھا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے بتایا کہ پچھلے میچ میں بھی انہوں نے پہلے بیٹنگ کی تھی، اور آج بھی ان کی کوشش ہوگی کہ ابتدائی 10 اوورز کی صورتحال کو دیکھ کر ایک بڑا ہدف ترتیب دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ بولنگ میں حارث رؤف کے ساتھ اچھی شراکت قائم کرتے ہیں، البتہ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ٹیم کے کچھ کھلاڑی ابھی اپنی بہترین فارم میں نہیں ہیں۔
دوسری جانب انگلش ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ پاکستان کو کم سے کم رنز پر روکا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پہلے بھی یہاں کھیل چکے ہیں جو کہ ان کے لیے ایک اچھا تجربہ ہے، اور یہ ایک مختلف سیریز ہے جس کے لیے ان کے پاس بہترین کھلاڑیوں کا ایک اچھا پول موجود ہے۔
