لاہور ٹریفک پولیس نے سموگ کے تدارک کے لیے جاری خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران 67 ہزار 914 چالان جاری کر دیے، جبکہ مختلف خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ماہ اگست اور ستمبر کی اوسط کے مقابلے میں سموگ تدارک کارروائیوں میں 39 فیصد اضافہ ہوا۔ فٹنس سرٹیفکیٹ کی خلاف ورزی پر 7 ہزار 272 چالان کیے گئے، جو گزشتہ کارروائیوں کے مقابلے میں 73 فیصد زیادہ ہیں۔
ٹریفک پولیس نے ترپال کے بغیر چلنے والی ٹریکٹر ٹرالیوں کے خلاف 2 ہزار 166 چالان کیے، جس میں 90 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف 3 ہزار 993 چالان جاری کیے گئے، جو 209 فیصد اضافے کی عکاسی کرتے ہیں۔
اسی طرح اوور لوڈنگ اور اوور ڈائمینشن گاڑیوں کے خلاف 54 ہزار 483 چالان کیے گئے، جن میں 29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چاروں بڑی خلاف ورزیوں کے خلاف رواں سال کی بلند ترین سطح کی انفورسمنٹ کارروائیاں بھی ریکارڈ کی گئیں۔

