لاہور ٹریفک پولیس میں نفری کی کمی کے پیشِ نظر مختلف اضلاع سے 200 سے زائد ٹریفک اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز نے ٹریفک اسسٹنٹس اور کانسٹیبلز کی لاہور تعیناتی کے لیے مراسلہ جاری کرتے ہوئے شیخوپورہ، قصور، ساہیوال، سیالکوٹ سمیت مختلف اضلاع سے اہلکار بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔
مراسلے کے مطابق سیالکوٹ سے 20 جبکہ شیخوپورہ، قصور اور دیگر اضلاع سے 10 سے 15 اہلکار لاہور ٹریفک پولیس میں تعینات کیے جائیں گے۔ تمام متعلقہ اضلاع کو ہدایت کی گئی ہے کہ اہلکار فوری طور پر ٹریفک پولیس لائنز مناواں میں رپورٹ کریں۔
حکام کے مطابق تعینات کیے جانے والے اہلکاروں کو ہر ماہ تبدیل کیا جائے گا اور ان کی جگہ متعلقہ اضلاع سے نئے اہلکار بھیجے جائیں گے۔
متعلقہ ڈی پی اوز کو اہلکاروں کو فوری طور پر ریلیو کر کے لاہور روانہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے، جبکہ پنجاب ہائی وے پٹرول کے متبادل اہلکار متعلقہ اضلاع میں تعینات کیے جائیں گے۔
اس حوالے سے پنجاب ہائی وے پٹرول ہیڈکوارٹرز کو بھی تعینات اہلکاروں کی فہرست فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

