پشاور: گورنر خیبرپختونخوا نے کے پی پولیس کی تنخواہوں اور شہدا پیکج سمیت مختلف مراعات میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں پولیس شہدا کے ورثا میں پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر نے 54 پولیس شہدا کے ورثا میں پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کے پی پولیس کی تنخواہیں باقی صوبوں کی تنخواہوں سے بہتر ہونی چاہیئں، پولیس نفری کی کمی دور کرنے کے لیے خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل تیز کیا جائے گا۔
گورنر کی جانب سے دہشت گردی میں جاں بحق پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کے لیے خصوصی مالی معاونت پیکج اور شہدا کی بیٹیوں کی شادی کے لیے خصوصی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔
تقریب میں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، چیف سیکریٹری، پولیس افسران، ایڈوائزری کونسل کے اراکین اور شہدا کے ورثا نے شرکت کی۔

