لاہور کے تاریخی شاہی قلعہ اور شالیمار باغ کو رات کے وقت بھی سیاحوں کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے نائٹ ٹورازم کے لیے اوقات کار اور شاہی قلعہ کے ٹکٹوں کی قیمتیں مقرر کر دی ہیں غیر ملکی سیاحوں کے لیے ٹکٹ کی قیمت 2 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
شاہی قلعہ لاہور اور شالیمار باغ اب رات 7 بجے سے 11 بجے تک سیاحوں کے لیے کھلے رہیں گے، جس سے مقامی شہریوں اور غیر ملکی سیاحوں کو رات کے وقت تاریخی مقامات دیکھنے کی سہولت میسر آئے گی شاہی قلعہ کی رات کے وقت سیر کے لیے عام شہریوں کا ٹکٹ ایک ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ 3 سے 10 سال تک کے بچوں کے لیے ٹکٹ 500 روپے ہوگا۔ غیر ملکی سیاحوں کے لیے ٹکٹ کی قیمت 2 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
نائٹ ٹورازم کے تحت سیاح شاہی قلعہ میں حضوری باغ، شیش محل، پیچروال، بارود خانہ اور سیلفی پوائنٹ سمیت مختلف تاریخی مقامات دیکھ سکیں گے اس کے علاوہ دیوان خاص، دیوان عام اور رائل کچن بھی سیاحوں کے لیے قابلِ دید ہوں گے۔
اس اقدام سے تاریخی ورثے میں دلچسپی رکھنے والے شہریوں اور سیاحوں کو رات کے وقت لاہور کے تاریخی مقامات دیکھنے کا موقع ملے گا۔

