سعودی عرب نے ہنرمند غیر ملکی کارکنوں کیلئے ویزا سہولت میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے انہیں ورک ویزا کے مراحل کے ساتھ اپنے اہلِ خانہ کے انٹری ویزے پراسیس کرانے کی اجازت دے دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ سہولت وزارتِ خارجہ اور وزارتِ انسانی وسائل و سماجی ترقی کے باہمی تعاون سے متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت اہل غیر ملکی کارکن اپنے زیرِ کفالت اہلِ خانہ کو مملکت بلا سکیں گے۔
اعلان کے مطابق اہلِ خانہ میں شریکِ حیات، 25 سال سے کم عمر بیٹے اور غیر شادی شدہ بیٹیاں شامل ہیں۔ یہ افراد مرکزی درخواست گزار کے ورک ویزے کے مراحل مکمل ہونے کے ساتھ ہی اپنے انٹری ویزوں کا عمل بھی مکمل کروا سکیں گے۔
سعودی عرب پہنچنے کے بعد اہلِ خانہ کی رہائش سے متعلق کارروائی مملکت میں نافذ قوانین اور ضوابط کے مطابق مکمل کی جائے گی۔
اس اقدام کا مقصد اہل ہنرمند غیر ملکی کارکنوں کیلئے اپنے اہلِ خانہ کو سعودی عرب بلانے کے عمل میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ تاہم اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلئے متعلقہ شرائط اور اہلیت کے معیار پر پورا اترنا ضروری ہوگا۔

