راولپنڈی: پاکستانی کرکٹر معاذ صداقت کا کہنا ہے کہ شاداب خان اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ ان کے آنے سے مڈل آرڈر میں درپیش مسائل کافی حد تک حل ہوگئے ہیں۔
قومی کرکٹر معاذ صداقت نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی فتح کے بعد میڈیا سے بات کی۔
معاذ صداقت کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ٹیم میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی، ان کی یہ پہلی نصف سنچری تھی اور وہ آئندہ میچز میں بھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
کرکٹر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی قدرتی صلاحیتوں کے مطابق کھیلنا پسند کرتے ہیں اور ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہوئے خود کو زیادہ پُراعتماد محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ جدید کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں اور پاور پلے کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ان کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
معاذ کا کہنا تھا کہ کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شاداب نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور انہیں میرٹ پر منتخب کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حسن نواز مڈل آرڈر میں اچھی بیٹنگ کرتے ہیں، جبکہ عبدالصمد بھی اچھی فارم میں ہیں۔ مڈل آرڈر میں درپیش مسائل کافی حد تک حل ہوگئے ہیں، جس سے ٹیم کی بیٹنگ میں بہتری آنے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف پہلے میچ میں معاذ نے 29 گیندوں پر 50 رنز بنا کر پاکستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

