وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ہر ضلع میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز (پی ایچ اے) قائم کرنے کی منظوری دے دی، جبکہ مزید 20 اضلاع میں نئی اتھارٹیز کے قیام کے لیے جنوری 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کردی گئی۔ دوسرے مرحلے میں ہر تحصیل میں بھی پی ایچ اے قائم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے بھر میں شجرکاری، پارکوں کی بحالی اور موسمی پھولدار پودے لگانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10 اضلاع میں پی ایچ اے پہلے ہی فعال ہیں، جبکہ مزید 11 اضلاع میں نئی اتھارٹیز قائم کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ہر ضلع میں موسم کے مطابق پھولدار پودے لگانے کے لیے ماہانہ پلان مرتب کرنے اور مرحلہ وار شجرکاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہر ضلع میں ان ہاؤس نرسریاں قائم کرنے کا حکم بھی دیا، جہاں سے کم قیمت پر پودے فراہم کیے جائیں گے اور شجرکاری کے لیے موسمی پھولوں کے پودے تیار کیے جائیں گے۔
اجلاس میں پی ایچ اے کے لیے 2 ہزار 820 تکنیکی آسامیوں پر بھرتیوں کی بھی منظوری دی گئی۔ ہر ضلع میں منیجنگ ڈائریکٹر، ڈائریکٹر اور تکنیکی عملہ بھرتی کیا جائے گا، جبکہ پی ایچ اے افسران کی کارکردگی جانچنے کے لیے کلیدی کارکردگی اشاریے (کے پی آئیز) تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی گئی۔ ہر ڈسٹرکٹ پی ایچ اے سے ریسورس پلان طلب کرلیا گیا ہے۔
اجلاس میں پی ایچ اے فوڈ کورٹ کے ڈیزائن کی منظوری اور عملے و گاڑیوں کی یکساں برانڈنگ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق لاہور میں سی کیٹیگری کے تمام پارک بحال کردیے گئے ہیں، جبکہ ہر ضلع میں معیاری شجرکاری اور پھولدار پودے لگانے کا منصوبہ بنایا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ ہر شہر اور ہر گاؤں کو پودوں سے سجا اور پھولوں سے مہکتا دیکھنا چاہتی ہیں۔ ان کے مطابق شجرکاری ماحول اور انسانی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے، جبکہ درخت لگانا کارِ ثواب ہونے کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچاؤ کا ذریعہ بھی ہے۔

