موبائل والٹ نے 100 سے زائد ایگری گیٹر اکاؤنٹس بند کر دیے گئے،اکاؤنٹس سے موبائل والٹ کی بڑی حجم کی ٹرانزیکشنز گزرتی تھیں۔
ایف آئی اے نے آن لائن جوئے اور ڈیجیٹل حوالے کے خلاف کارروائی تیز کردی، ایف آئی اے کے نوٹسز پر موبائل والٹ نے 100 سے زائد ایگری گیٹر اکاؤنٹس بند کردیئے۔
ذرائع نے بتایا کہ کئی دیگر اکاؤنٹس بھی اندرونی جانچ کے بعد معطل کیے گئے ہیں، بند کیے گئے ایگری گیٹر اکاؤنٹس سے موبائل والٹ کی بڑی حجم کی ٹرانزیکشنز گزرتی تھیں، اکاؤنٹس کی معطلی سے موبائل والٹ کی آمدن کو بڑا دھچکا لگنے کا امکان ہے، جبکہ ایگری گیٹر اور مرچنٹ چینلز سے ادائیگیوں میں بھی تاخیر ہوئی ہے۔موبائل والٹ سے منسلک 6 بڑی پیمنٹ کمپنیوں کی ادائیگیاں اور سیٹلمنٹ بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ بین الاقوامی پیمنٹ پروسیسرز بھی ٹرانزیکشنز میں تاخیر کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایگری گیٹر اکاؤنٹس آن لائن جوئے اور فحش ویب سائٹس کی ادائیگیوں کے لیے استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ایف آئی اے نے جوئے کی ایپس سے 119 ارب 93 کروڑ روپے سے زائد کی رقم کا سراغ لگا لیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف 5 کلیکشن اکاؤنٹس سے 8 ارب 58 کروڑ روپے کی ایک کروڑ سے زائد ٹرانزیکشنز پکڑی گئی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مئی 2026 کے فریم ورک کے تحت تمام ایگری گیٹرز کی مانیٹرنگ اور اسکروٹنی بھی جاری ہے۔دوسری جانب پی ٹی اے نے 46 غیر قانونی جوئے اور غیر رجسٹرڈ ٹریڈنگ ایپس پر پابندی عائد کردی ہے۔
ایف آئی اے فیصل آباد نے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کرلیا، جس میں 11 بڑی کمپنیوں کو نامزد کیا گیا۔

