لاہور(8 اکتوبر 2026): ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے علامہ اقبال ٹاؤن میں کارروائیاں کرتے ہوئے ہنی ٹریپ اور فراڈ میں ملوث 26 افراد کو گرفتار کرلیا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی زون نے لاہور میں کارروائیاں کرتے ہوئے ہنی ٹریپ اور غیر ملکی شہریوں کے ساتھ فراڈ میں ملوث کال سینٹرز کا پردہ فاش کر دیا ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران 17 خواتین سمیت مجموعی طور پر 26 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
علامہ اقبال ٹاؤن میں غیر ملکی شہریوں سے مواصلاتی پیکیجز کے نام پر فراڈ کرنے والے ایک کال سینٹر پر چھاپہ مارا گیا۔ اس کارروائی کے دوران 9 مرد ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ موقع سے 10 موبائل فون اور 5 لیپ ٹاپ برآمد کیے گئے۔
ملزمان غیر ملکی شہریوں سے رقم وصول کرنے کے بعد انہیں موبائل فون فراہم نہیں کرتے اور مختلف حیلوں بہانوں سے ٹالتے تھے۔
دوسری کارروائی کے دوران ہنی ٹریپ کال سینٹر چلانے والے نیٹ ورک کو پکڑا گیا، جہاں سے 17 خواتین سمیت دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس کارروائی میں 35 موبائل فون اور 2 لیپ ٹاپ قبضے میں لیے گئے۔
یہ خواتین آن لائن رابطوں، غیراخلاقی گفتگو اور ویڈیو کالز کے ذریعے معصوم شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتی تھیں اور پھر انہیں بلیک میل کر کے رقوم بٹورتی تھیں۔
این سی سی آئی زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کی نگرانی میں کی جانے والی ان کارروائیوں کے بعد ملزمان کے خلاف باضابطہ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

