پنجاب پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے 15 اکتوبر سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل نہ کرنے والی پرائیویٹ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے,ناکافی فٹنس اسٹیشنز کے پیش نظر اتھارٹی نے پی وکس (PVICS) مراکز کے لیے نئی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔
پنجاب پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے 20 پی وکس مراکز کو جاری ایڈوائزری کے مطابق تمام مراکز کو 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن فعال رکھا جائے گا، جبکہ اتوار کے روز بھی سروس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
اتھارٹی نے مراکز کو گاڑیوں کی فٹنس جانچ کے لیے مناسب تعداد میں اسٹیکرز کا وافر اسٹاک رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنا لائسنس کی شرائط کی خلاف ورزی تصور ہوگا، جس پر لائسنس کی منسوخی سمیت انتظامی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
حکام کے مطابق پنجاب میں رجسٹرڈ 23 لاکھ پرائیویٹ گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفکیشن کے لیے 20 پی وکس مراکز قائم ہیں، جن میں لاہور میں 14، فیصل آباد میں 2 جبکہ سرگودھا، ملتان، صادق آباد اور رحیم یار خان میں ایک، ایک مرکز کام کر رہا ہے۔

