سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر کے ہسپتالوں کے باہر تجاوزات، ریڑھیوں، رکشہ اسٹینڈز اور رانگ پارکنگ کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
سی ٹی او نے ڈویژنل اور سرکل افسران کو ہسپتالوں کے باہر ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے اور ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ مل کر ٹریفک مسائل ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے پیرا اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیموں کو ساتھ رکھا جائے، جبکہ ہسپتالوں کی دیواروں کے ساتھ قائم ریڑھیوں اور دیگر تجاوزات کو بھی فوری ہٹایا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں کی ایمرجنسی روڈز اور گیٹس ہر صورت کلیئر رکھے جائیں تاکہ ایمبولینسز اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کی آمدورفت میں رکاوٹ نہ ہو۔
سی ٹی او نے سرکل افسران کو ہسپتالوں کے ایم ایس اور سکیورٹی افسران سے ملاقاتیں کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وارڈنز سائرن سنتے ہی ایمبولینسز کو ترجیحی بنیادوں پر راستہ فراہم کریں۔

