وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولی تھین بیگز پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں اور بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق کارروائیاں سنگل یوز پلاسٹک کی ممانعت سے متعلق 2023 کے قانون کے تحت کی جا رہی ہیں،گزشتہ روز کی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 313 کلو گرام پولی تھین بیگز ضبط کیے گئے، جبکہ خلاف ورزی پر 88 دکانداروں کو گرفتار اور 9 دکانوں کو سیل کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے کہا کہ پولی تھین بیگز پر پابندی کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور قدرتی ماحول کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
اُ نہوں نے کہا کہ پلاسٹک بیگز زمین، آبی گزرگاہوں اور شہری ماحول میں دیرپا آلودگی کا باعث بنتے ہیں، جبکہ استعمال کے بعد پھینکے جانے والے بیگز نالیوں کی بندش اور صفائی کے مسائل میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے دکانداروں پر زور دیا کہ وہ پولی تھین بیگز کی فروخت اور فراہمی فوری طور پر بند کریں اور ماحول دوست متبادل اپنائیں۔
انہوں نے شہریوں اور تاجروں سے بھی اپیل کی کہ صاف اور سرسبز اسلام آباد کے لیے پلاسٹک بیگز پر پابندی کے مؤثر نفاذ میں ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں۔

