وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کے لیے مسقط مدعو کر لیا گیا ہے۔ 2026 کا یہ ایوارڈ مناسب رہائش اور پائیدار شہری ترقی کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف کے لیے دیا جا رہا ہے۔
مریم نواز خصوصی دعوت پر سکرول آف آنر ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کے لیے مسقط جائیں گی۔ پنجاب حکومت کے مطابق “اپنی چھت، اپنا گھر” منصوبے کو 2026 کے یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
یو این ہیبی ٹیٹ کے مطابق سکرول آف آنر ایوارڈ 1989 میں شروع کیا گیا تھا اور یہ مناسب رہائش، انسانی بستیوں کی بہتری اور پائیدار شہری ترقی کے لیے نمایاں اقدامات کو تسلیم کرتا ہے۔
پاکستان سے 2007 میں ارتھ کوئیک ری کنسٹرکشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی (ایرا) کے ڈپٹی چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد بھی اس ایوارڈ کے وصول کنندگان میں شامل رہے ہیں۔
2026 کے سکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے مختلف ممالک کے منصوبوں اور اقدامات کا انتخاب کیا گیا ہے، جبکہ ایوارڈز کی عالمی تقریب 5 اکتوبر 2026 کو مسقط میں World Habitat Day کے موقع پر منعقد ہو رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سکرول آف آنر ایوارڈ پنجاب کے بے گھر افراد کے نام کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعزاز صوبے کے ان افراد کے لیے ہے جو اپنے گھر کے منتظر ہیں۔
پنجاب حکومت کے مطابق “اپنی چھت، اپنا گھر” منصوبے کا مقصد صوبے میں مستحق خاندانوں کو رہائش کی سہولت فراہم کرنا ہے، جبکہ حکومت اسے کم آمدن والے خاندانوں کے لیے رہائشی سہولت کی فراہمی سے جوڑتی ہے۔

