لاہور میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا، سوئی گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر کے باعث شہری ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے، جبکہ مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ جاری ہے۔
شہریوں کے مطابق گھروں میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہے، کئی علاقوں میں گیس دستیاب ہی نہیں جس کے باعث کھانا پکانے کیلئے ایل پی جی سلنڈر خریدنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب دکانداروں کی جانب سے سرکاری ریٹ لسٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے من مانے نرخ وصول کیے جا رہے ہیں۔
سرکاری قیمت کے مطابق ایل پی جی 279 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہی ایل پی جی 450 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ نہ چولہا جل رہا ہے اور نہ ہی سلنڈر سستے داموں دستیاب ہے، گیس آتی نہیں جبکہ ایل پی جی خریدنا بھی ان کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں نے شکایت کی کہ منافع خوروں کو پوچھنے والا کوئی نہیں۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے گیس کی قلت اور ایل پی جی کی زائد قیمتوں کا فوری نوٹس لینے اور سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کیلئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

