چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ٹریفک افسران کے اجلاس میں شہر میں ٹریفک نظام کی بہتری اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم ہدایات جاری کر دیں۔
سی ٹی او لاہور نے محفوظ روڈ، محفوظ پنجاب کے ویژن پر بریفنگ دیتے ہوئے سموگ، اوورلوڈنگ، کم عمر ڈرائیونگ اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی۔
سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے اور لین لائن ڈسپلن ہر ممکن یقینی بنانے کا حکم دیا۔
سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ کمزور ہیلمٹ انفورسمنٹ کی صورت میں متعلقہ سیکٹر انچارج اور ڈی ایس پی جوابدہ ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر میں کہیں بھی بغیر ہیلمٹ، ون وے یا لین لائن کی خلاف ورزی نظر نہیں آنی چاہیے۔
اجلاس میں پیدل سڑک عبور کرنے والے شہریوں کے لیے آگاہی مہم چلانے اور مختلف مقامات پر انتباہی بورڈز نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے مال بردار گاڑیوں، ریت، مٹی اور بھوسہ لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بغیر ترپال ٹریکٹر ٹرالی یا دیگر لوڈر گاڑیوں کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہ دی جائے۔
سی ٹی او لاہور نے تمام کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس چیک کرنے کی بھی ہدایت کی اور ٹریفک افسران کو منظم ٹریفک کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔

