پی ٹی اے کی رپورٹ کے مطابق اگست 2026 کے دوران مقامی موبائل فون مینوفیکچرنگ و اسمبلی میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
اگست میں 16 لاکھ 60 ہزار موبائل فون مقامی طور پر تیار و اسمبل کیے گئے، جبکہ ماہانہ بنیاد پر پیداوار میں 57 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 14 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق جولائی میں بلند پیداوار کے باعث اگست میں ماہانہ کمی دیکھنے میں آئی۔
رپورٹ کے مطابق جنوری سے اگست 2026 کے دوران ملک میں ایک کروڑ 86 لاکھ 60 ہزار موبائل فون مقامی طور پر تیار و امبل کیے گئے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے ایک کروڑ 97 لاکھ 70 ہزار یونٹس کے مقابلے میں 6 فیصد کم ہیں۔
اگست کے دوران موبائل فون درآمدات بھی سالانہ بنیاد پر 69 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 27 فیصد کم ہو کر 80 ہزار یونٹس رہ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق اگست میں مقامی اسمبلی نے ملکی طلب کا 95 فیصد جبکہ رواں سال کے پہلے 8 ماہ میں مجموعی طور پر 87 فیصد طلب پوری کی۔
برانڈز کے لحاظ سے 8 ماہ کے دوران ویگو ٹیل 24 لاکھ 50 ہزار یونٹس کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ انفینکس 19 لاکھ 60 ہزار، آئی ٹیل 15 لاکھ 60 ہزار، ٹیکنو 11 لاکھ 40 ہزار اور سام سنگ 10 لاکھ 10 ہزار یونٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔
رپورٹ کے مطابق ویوو اور نوکیا کے 9 لاکھ 70 ہزار، کلب موبائل کے 7 لاکھ 20 ہزار، ایکس موبائل کے 7 لاکھ جبکہ کیو موبائل کے 6 لاکھ 30 ہزار یونٹس بھی مقامی طور پر اسمبل کیے گئے۔

