شہریوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کو مسترد کرتے ہوئے اسے ناکافی قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگی پیٹرولیم مصنوعات کے باعث روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریلیف اسکیموں کے بجائے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری لیویز میں کمی کی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کے بجائے کم از کم 15 روز یا ماہانہ بنیادوں پر کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق ایک دن قیمت میں معمولی کمی کی جاتی ہے اور اگلے چند روز میں دوبارہ اضافہ کردیا جاتا ہے، جس سے عوام کے لیے مسلسل غیر یقینی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر رد و بدل کا سلسلہ ختم کرکے عوام کو مستقل اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جائے۔
واضح رہے کہ رات گئے پیٹرول ایک روپیہ 49 پیسے فی لیٹر سستا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 73 پیسے کمی کی گئی ۔
پیٹرول کی نئی قیمت 387 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 402 روپے 24 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

