اسلام آباد : اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے بجلی کی فراہمی سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے کسی بھی علاقے میں بجلی کی طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئیسکو کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ اقدام حکومت پاکستان اور وزارتِ توانائی کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے کیا گیا ہے۔
آئیسکو اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے اپنے صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام اور فیلڈ اسٹاف کو ضروری ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق بجلی کی طلب اور رسد میں عارضی فرق پیدا ہونے کی صورت میں بھی کسی فیڈر پر کسی علاقے میں 2 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔
آئیسکو نے اس حوالے سے بجلی کی فراہمی کے نظام کی نگرانی اور صارفین کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آئیسکو کے مطابق بارشوں اور دیگر موسمی صورتحال کے باعث بجلی کے نظام میں پیدا ہونے والی خرابیوں اور صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے کمپنی کا کمپلینٹ اسٹاف مکمل طور پر فیلڈ میں موجود ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ صارفین کی انفرادی شکایات، ٹرانسفارمر کی خرابی اور دیگر شکایات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ عملہ متحرک ہے۔
اعلامیے میں صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ بجلی سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں اسے فوری طور پر آئیسکو کے متعلقہ کمپلینٹ سنٹر تک پہنچائیں۔
آئیسکو نے صارفین کی سہولت کے لیے 118 ہیلپ لائن بھی فعال کر رکھی ہے، شہری بجلی سے متعلق اپنی شکایات درج کرانے کے لیے اس نمبر پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
کمپنی نے صارفین سے یہ بھی کہا ہے کہ بجلی کی خرابی یا ٹرانسفارمر سے متعلق مسئلے کی صورت میں براہِ راست فیلڈ عملے سے رابطے کے بجائے باقاعدہ شکایت درج کرائیں تاکہ اس کا بروقت اندراج اور ازالہ یقینی بنایا جاسکے۔

