محکمہ صحت کی درخواست پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ٹھیکیداری سسٹم کے خلاف احتجاج کرنے والے 15 ڈاکٹرز کے لائسنس اور رجسٹریشن 6 ماہ کے لیے معطل کر دیے۔
ذرائع کے مطابق ڈیڑھ سال قبل ٹھیکیداری سسٹم کے خلاف احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ لائسنس معطلی کا سامنا کرنے والوں میں وائے ڈی اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر شعیب نیازی اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر سلمان حسیب بھی شامل ہیں۔
دیگر ڈاکٹرز میں ڈاکٹر عارف عزیز، ڈاکٹر فخر منیر سیال، ڈاکٹر ندیم ثاقب، ڈاکٹر واجد علی، ڈاکٹر عامر بشیر، ڈاکٹر اسجد سلمان، ڈاکٹر ارسلان رضا، ڈاکٹر سلیمان غفور، ڈاکٹر اسامہ بن سعید، ڈاکٹر احمد یار، ڈاکٹر کاشف سعید، ڈاکٹر حامد ارشد اور ڈاکٹر حسیب الرحمان شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق لائسنس معطلی کا سامنا کرنے والے بعض ڈاکٹرز کے خلاف محکمہ صحت پہلے ہی کارروائی کر چکا ہے۔
پی ایم ڈی سی کے اقدام کے بعد ڈاکٹرز کے حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ معاملے پر مزید ردعمل بھی سامنے آنے کا امکان ہے۔

