لاہور(15 ستمبر 2026): قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو بالاخر طویل قامت (فرسٹ کلاس) کرکٹ کھیلنے کا خیال آ ہی گیا۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ناقص کارکردگی کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو بالاخر طویل قامت (فرسٹ کلاس) کرکٹ کھیلنے کا خیال آ ہی گیا ہے، اور انہوں نے سات سال بعد فرسٹ کلاس میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بابر اعظم پریذیڈینٹ ٹرافی میں او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کریں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ ابتدائی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے، تاہم بورڈ کی خصوصی درخواست پر انہیں اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
برطانیہ سے وطن واپس پہنچنے والے بابراعظم کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر پریذیڈینٹ ٹرافی کے دوسرے میچ میں ان ایکشن ہوں گے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی 4 اننگز میں مجموعی طور پر صرف 97 رنز بنائے تھے۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بھی سات سال بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں جلوہ گر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کے آر ایل کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پہلی اننگز میں 47 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 4 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا۔
