ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او لیول پر مانیٹرنگ کا ڈیجیٹل نظام، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کرائم سرویلنس یونٹ کا افتتاح کر دیا
لاہور06 – نومبر:……پنجاب بھر میں ضلع،سرکل اور پولیس سٹیشن لیول پر سمارٹ پولیسنگ سسٹم نیا نظام متعارف کرادیا گیا۔ ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او لیول پرکارکردگی کی مانیٹرنگ، ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جائیگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کرائم سرویلنس یونٹ میں متعین آفیسرز سے بات چیت کی۔
کرائم سرویلنس یونٹ کے سربراہ عثمان تنویر نے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایف آئی آر کے اندراج میں بلاجواز تاخیر کی شکایات پر اظہار ناپسندیدگی کا اظہا رکیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیس سٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ کے ڈیٹا کا درست استعمال یقینی بنانے کا حکم دیااور پولیس کے بارے میں منفی پروپیگنڈا پر فوری رسپانس کی ہدایت کی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آئی جی پنجاب پولیس سے اصلاحات کا پلان طلب کر لیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے ہر تھانے میں تازہ ترین جرائم کا مکمل ڈیٹا، ایک کلک پر سامنے آجائے گا۔
ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت پولیس افسروں کی کارکردگی کا تجزیہ بھی کیا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر شہری کی شکایت/درخواست کا بروقت ازالہ اور تاخیر پر کارروائی ممکن ہوگی۔کرائم سرویلنس یونٹ میں 20کیٹگری کے مختلف کرائم کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔ کرائم سرویلنس یونٹ میں موجودماہرین فوری ڈیٹا اینالیسس رپورٹ تیار کریں گے۔
کرائم سرویلنس یونٹ سوشل میڈیا پر قومی سلامتی تقاضوں کے مطابق پوسٹ کی نشاندہی بھی کرے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کوہر قسم جرائم سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔ کرائم سرویلنس یونٹ کے قیام کا مقصدجرائم کے خاتمے کی مہم کو موثر بنانا ہے۔ اچھے برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں لیکن پوری فورس پر تنقید درست طرزِ عمل نہیں ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ چند لوگوں کی وجہ سے پولیس کی مجموعی کارکردگی پرسوالیہ نشان غلط ہے۔ پنجاب میں موثر اصلاحات کی وجہ جرائم کی شرح میں کمی کا تاریخی رحجان خوش آئند امر ہے۔

