ایجبسٹن(14 ستمبر 2026): دورہ انگلینڈ پر سلو اوور ریٹ پر پاکستان ٹیم کے گیارہ پوائنٹس کٹ گئے، ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آخری نمبر پر چلی گئی۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دورہ انگلینڈ کے دوران میدان میں پوائنٹس کمانے کے بجائے اپنی غفلت کی وجہ سے گنوادیے ہیں۔ ایجبسٹن ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ کے باعث قومی ٹیم کے گیارہ پوائنٹس کاٹ لیے گئے ہیں۔
میچ کے دوران نہ تو کپتان کو اوور ریٹ کا خیال رہا اور نہ ہی ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے کوئی پیغام پہنچایا گیا، جس کی غفلت کا خمیازہ ٹیم کو پوائنٹس کی کٹوتی کی صورت میں بھگتنا پڑا۔
اس میچ میں پاکستانی بولرز نے مجموعی طور پر سولہ نو بالز بھی کیں، جبکہ مقررہ وقت میں گیارہ اوورز کم کرائے گئے۔ قواعد کی خلاف ورزی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی ٹیم پر میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ بھی عائد کر دیا ہے۔
پوائنٹس کٹنے کے بعد اب پاکستان ٹیم کے پاس 16 میں سے صرف 5 پوائنٹس باقی رہ گئے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے، بلکہ رواں سال مئی میں بنگلہ دیش کے خلاف بھی سلو اوور ریٹ پر پاکستان آٹھ پوائنٹس گنوا چکا ہے۔
ان مسلسل نقصانات کے بعد پاکستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری نمبر پر چلی گئی ہے جبکہ مجموعی ٹیسٹ رینکنگ میں بھی پاکستان کا نواں نمبر ہے۔
