لاہور کے 41 سرکاری ہائی سکولوں میں نویں جماعت کے نتائج 20 فیصد سے بھی کم آنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد ناقص تعلیمی نتائج والے سکولوں کی کارکردگی پر توجہ مرکوز کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کم نتائج والے سکولوں میں گورنمنٹ ہائی سکول پکے کوارٹر مغلپورہ، پاجیاں، رنگ محل، گووند رائیونڈ، شاہ پور کنجراں، کرباٹ، اعوان دہائی والا، برکی اور راوی روڈ شامل ہیں۔
دیگر سکولوں میں گورنمنٹ ہائی سکول مقبول عام جی او آر ون، جامن کینٹ، چاچو والی لاہور کینٹ، مراکہ کوارٹر، چاہ میراں، مومن پورہ، چونگ خورد، لدھکے اوچے اور بلال گنج شامل ہیں۔ گورنمنٹ ہائی سکول جلو اسٹیشن اور گورنمنٹ ہائی سکول ہیئر پنڈ بھی 20 فیصد سے کم نتائج دینے والے سکولوں میں شامل ہیں۔
دوسری جانب نویں جماعت میں بہترین نتائج دینے والے سکولوں، ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ اور طلبا کی حوصلہ افزائی کیلئے تعریفی اسناد تقسیم کرنے کے معاملے پر 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی میں ملک غلام فرید، امجد علی اور عذرا عامر شامل ہیں۔

