ایبٹسفورڈ(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار ایمی ورک کی گاڑی پرکینیڈا میں ہونےوالی فائرنگ کے واقعے کے بعد ان کے والدکااہم بیان آگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 5 ستمبر کی رات تقریباً 11 بجے میکلم روڈ کے علاقے میں ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی، پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والی گاڑی ایمی ورک کے کنسرٹ سے منسلک قافلے کا حصہ تھی۔
’’24نیوز ‘‘ کے مطابق میڈیا رپورٹس کے مطابق گاڑی پر 7 گولیاں چلائی گئیں،پولیس نے تاحال اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ فائرنگ کرنے والوں کا اصل ہدف کون تھا، واقعے کے کچھ دیر بعد قریب ہی ایک گاڑی میں آگ لگنے کی اطلاع بھی پولیس کو ملی، پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا یہ گاڑی فائرنگ کے واقعے سے منسلک تھی یا دونوں واقعات الگ الگ ہیں۔
دوسری جانب ایمی ورک کے والد کُلجیت سنگھ نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فائرنگ میں گلوکار یا ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، کُلجیت سنگھ کے مطابق ایمی ورک بالکل محفوظ ہیں اور فائرنگ ممکنہ طور پر کنسرٹ کے منتظمین سے منسلک ایک گاڑی پر کی گئی۔
یاد رہے کہ واقعہ برٹش کولمبیا کے شہر ایبٹسفورڈ میں ان کے کنسرٹ کے بعد پیش آیاتھا۔

