سکولوں میں صفائی کا نظام متاثر ہونے کے پیش نظر درجہ چہارم کے ملازمین اور سویپرز کی تمام عارضی ڈیوٹیاں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
تمام عارضی اٹیچمنٹ اور ایڈجسٹمنٹ فوری طور پر منسوخ کرتے ہوئے ملازمین کو ان کی اصل جائے تعیناتی پر واپس رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
حکام کی جانب سے تمام درجہ چہارم ملازمین اور سویپرز کو 2 گھنٹے کے اندر اپنے اصل سکول میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اصل جائے تعیناتی کے علاوہ کہیں کام کرنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔
تمام ملازمین کو اپنی اصل جائے تعیناتی پر واپسی کا سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر کو ذاتی طور پر ذمہ دار قرار دیا جائے گا۔

