ویسے تو گوگل کا اپنا کوئی باضابطہ سوشل میڈیا نیٹ ورک نہیں مگر ایسا لگتا ہے کہ یہ کمپنی اس پر کام کر رہی ہے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ گوگل کی جانب سے یوٹیوب ٹمبا نامی ایپ متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے یوٹیوب ایپ کے نئے ورژن میں ایک خودمختار ایپ ٹمبا کا اشارہ ملا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کوڈز سے عندیہ ملا ہے کہ گوگل کی جانب سے مختلف سوشل فیچرز جیسے ون آن ون یا گروپ میسجنگ سمیت فوٹوز، ویڈیوز شیئرنگ اور صارفین کی پوسٹس وغیرہ پر مشتمل ایپ پر کام کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپ کے ہوم، سرچ، کیمرا، ان باکس، چیٹس اور دیگر آئیکونز کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اس ایپ میں نیوی گیشن لے آؤٹ یوٹیوب کی بجائے انسٹا گرام سے زیادہ ملتا جلتا ہوگا۔
اسی طرح نوٹیفکیشنز ٹائپس کے کوڈ سے بھی عندیہ ملتا ہے کہ یہ نئی ایپ ویڈیو پلیٹ فارم سے زیادہ سوشل میڈیا ایپ ہوگی۔
صارفین وہاں ایک دوسرے کو فالو کرسکیں گے، فالو ریکوئسٹس سینڈ یا منظور کرسکیں گے۔
ایک اور کوڈ سے عندیہ ملا کہ کمنٹس ریپلائی کے لیے وائس نوٹ کو بھی استعمال کیا جاسکے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابھی یہ کہنا ممکن نہیں کہ گوگل کی جانب سے اس ایپ کو متعارف کرایا جاتا ہے یا نہیں، کیونکہ ابھی اس پر کام کیا جا رہا ہے۔
ایسا بھی ممکن ہے کہ الگ ایپ کی جگہ ٹمبا کے فیچرز کو یوٹیوب کے اندر ہی کسی ایک مختص سیکشن میں متعارف کرا دیا جائے۔
یوٹیوب کی جانب سے گزشتہ مہینوں کے دوران پرائیویٹ میسجنگ کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا جسے بتدریج توسیع دی جا رہی ہے جبکہ گروپ چیٹس کو بھی جلد متعارف کرانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

