پشاور : 20 ہزار گریجویٹس کیلئے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا ، ہر گریجویٹ کو ماہانہ 30 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانے کے لیے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 20 ہزار گریجویٹس کے لیے 3 ماہ کا انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا، اس پروگرام کی مجموعی لاگت 2 ارب روپے تجویز کی گئی ہے۔
مشیرِ تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ نے بتایا پروگرام میں شامل ہر گریجویٹ کو 30 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔
اہلیت کا معیار
3.0 سی جی پی اے (CGPA) اور خیبر پختونخوا کے ڈومیسائل کے حامل گریجویٹس اس پروگرام کے اہل ہوں گے اور پروگرام میں صوبے کے تمام اضلاع کو ان کی آبادی کے تناسب سے نمائندگی دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرن شپ کے دوران گریجویٹس کو صنعتوں اور سافٹ ویئر ہاؤسز میں عملی تربیت فراہم کی جائے گی، جس میں نجی شعبے کے اداروں کو ترجیح دی جائے گی۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
تربیت اہم شعبوں میں فراہم کی جائے گی، جن میں آئی ٹی ، فارماسیوٹیکل ، سیاحت ، زراعت اور معدنیات شامل ہیں۔
مشیرِ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ انٹرن شپ کے لیے تیار کردہ آن لائن پورٹل کو ایک ہفتے کے اندر فعال کیا جائے، وظائف کی بروقت، شفاف اور ایک ہی دن ادائیگی کے لیے پیپر لیس (Paperless) آن لائن سسٹم وضع کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گریجویٹس کے انتخاب، پلیسمنٹ اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق معیاری تربیت کے لیے محکمہ اعلیٰ تعلیم میں مربوط انتظامی ڈھانچہ قائم کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
