• Home  
  • لاہور میں بسنت کی تاریخیں مقرر، پتنگ بازی کیلئے سخت شرائط عائد
- پاکستان

لاہور میں بسنت کی تاریخیں مقرر، پتنگ بازی کیلئے سخت شرائط عائد

لاہور میں محفوظ بسنت 12، 13 اور 14 مارچ کو منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ احمد جاوید قاضی کے مطابق مقررہ تاریخوں کے علاوہ پنجاب بھر میں پتنگ بازی پر سخت پابندی برقرار رہے گی، جبکہ بسنت سے قبل تمام ضروری حفاظتی انتظامات مکمل کیے جائیں گے۔ انسانی جانوں کے تحفظ کے […]

لاہور میں بسنت کی تاریخیں مقرر، پتنگ بازی کیلئے سخت شرائط عائد

لاہور میں محفوظ بسنت 12، 13 اور 14 مارچ کو منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ احمد جاوید قاضی کے مطابق مقررہ تاریخوں کے علاوہ پنجاب بھر میں پتنگ بازی پر سخت پابندی برقرار رہے گی، جبکہ بسنت سے قبل تمام ضروری حفاظتی انتظامات مکمل کیے جائیں گے۔

انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے بسنت سے قبل حفاظتی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور تمام متعلقہ محکموں کو ان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لاہور میں کسی غیر محفوظ یا ناپائیدار چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ چھتوں کی دیواریں اور گرِل کم از کم ساڑھے 3 فٹ بلند اور مضبوط ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔ پتنگ بازی کے لیے استعمال ہونے والی چھت کی پائیداری کی ذمہ داری مالک مکان پر عائد ہوگی۔

اجازت یافتہ مقامات پر چھتوں، منڈیروں اور سیڑھیوں کی مرمت کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ عمارتوں کے مالکان کو 31 دسمبر تک چھتوں پر حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے ڈپٹی کمشنر کو پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا مکمل معائنہ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمزور عمارت یا غیر محفوظ چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔

بسنت کے دوران ٹریفک پولیس 20 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلوں پر مفت سیفٹی راڈز نصب کرے گی۔ پتنگ اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کے لیے رواں ماہ اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔ لیسکو کو تمام تنصیبات کو بروقت حفاظتی نیٹ کے ذریعے محفوظ بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

بسنت کے ایام میں عمارتوں کی لفٹس کے لیے سیفٹی سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازم ہوگا جبکہ چھتوں پر آتش گیر مواد رکھنے پر بھی پابندی ہوگی۔ بسنت کے منتظمین تمام متعلقہ قوانین اور حفاظتی ہدایات پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔

سیکرٹری داخلہ احمد جاوید قاضی کے مطابق مقررہ تاریخوں سے قبل یا بعد پتنگ بازی کرنے پر 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ اجازت کے بغیر پتنگوں اور ڈور کی تیاری یا ترسیل پر 7 سال قید اور 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہوگی۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، سی ٹی او لاہور، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل، ڈائریکٹر لاء، ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.