• Home  
  • خاتون کو وراثتی جائیداد کے کیس میں نصف صدی بعد حتمی ریلیف مل گیا
- پاکستان

خاتون کو وراثتی جائیداد کے کیس میں نصف صدی بعد حتمی ریلیف مل گیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ڈیرہ اسماعیل خان کی خاتون زیتون بی بی کو نصف صدی بعد وراثتی جائیداد کے کیس میں حتمی ریلیف دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے زیتون بی بی کے حق میں 2022 کے فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے مخالف فریق کی نظرثانی خارج کرنے کا فیصلہ […]

خاتون کو وراثتی جائیداد کے کیس میں نصف صدی بعد حتمی ریلیف مل گیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ڈیرہ اسماعیل خان کی خاتون زیتون بی بی کو نصف صدی بعد وراثتی جائیداد کے کیس میں حتمی ریلیف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے زیتون بی بی کے حق میں 2022 کے فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے مخالف فریق کی نظرثانی خارج کرنے کا فیصلہ واپس لینے کی درخواست مسترد کردی۔

عدالت نے 2024 میں نظرثانی کی درخواست خارج کی تھی، تاہم مخالف فریق نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے بجائے نظرثانی خارج کرنے کا حکم واپس لینے کی درخواست دائر کی۔

سپریم کورٹ نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام کی بنیاد یقین، نظم و ضبط اور عدالتی احکامات کی حرمت پر ہے، عدالتی احکامات کی پابندی ہر صورت لازم ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالت کی جانب سے دی جانے والی رعایت کو محض رسمی کارروائی سمجھنا افسوسناک ہے، جبکہ عدالتی احکامات کی سنجیدگی اور تقدس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

جسٹس منیب اختر، جسٹس ملک شہزاد اور جسٹس صلاح الدین پنہور پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔ تحریری فیصلہ جسٹس صلاح الدین پنہور نے تحریر کیا۔

فیصلے کے مطابق نظرثانی کیس میں 4 مارچ 2024 کو مشروط التوا دیا گیا تھا، جبکہ 12 ستمبر کو ہونے والی اگلی سماعت پر دوبارہ التوا کی درخواست کی گئی۔ دوبارہ التوا مانگنے پر عدم پیروی کی بنیاد پر نظرثانی درخواست خارج کردی گئی۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ اب نظرثانی خارج کرنے کا فیصلہ واپس لینا 4 مارچ 2024 کے حکم کو واپس لینے کے مترادف ہوگا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق زیتون بی بی کے والد کا انتقال 1976 میں ہوا تھا اور وہ اس وقت سے وراثتی جائیداد سے محروم تھیں۔ سپریم کورٹ نے اب ان کے حق میں جاری 2022 کے فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دے دیا ہے۔

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.