اسلام آباد : : وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر اسکیم کے تحت قرضوں کی فراہمی کے لیے موزوں جائیدادوں کا سروے کرانے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ایسی جائیدادوں کا جامع سروے کرنے کی ہدایت کی ہے جنہیں اپنا گھر اسکیم کے تحت گھر بنانے کے خواہشمند افراد کو قرض کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ‘اپنا گھر اسکیم’، زرعی شعبے اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک 1 لاکھ 47 ہزار 504 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے 53 ہزار 127 درخواستیں منظور کی جاچکی ہیں۔
منظور شدہ درخواستوں کی مجموعی مالیت 313.42 ارب روپے ہے، جبکہ 8,739 افراد کو 45.43 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں ایسے پلاٹس کی نشاندہی کے لیے نظام تیار کیا جارہا ہے جو رہن رکھ کر قرض حاصل کرنے کی شرائط پر پورا اترتے ہوں، جبکہ اسلام آباد کو پائلٹ سٹی کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنا گھر اسکیم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے معروف ہاؤسنگ ڈویلپرز کو بھی اس عمل میں شامل کرنے کا مؤثر طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ کسانوں، چھوٹے و درمیانے کاروباری اداروں اور ہاؤسنگ سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔

