پشاور : پیسکو ملازمین کے مفت بجلی یونٹس ختم کردئیے گئے ،اب ملازمین کو 15 ہزار سے 46 ہزارروپے تک تقد رقم ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق پیسکو ملازمین کو مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم کرتے ہوئے گریڈ 17 سے 20 تک کے افسران کے لیے مفت یونٹس کے عوض ماہانہ نقد ادائیگی کی منظوری دے دی گئی۔
پیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مفت بجلی یونٹس کی مونیٹائزیشن کی منظوری دیتے ہوئے ماہانہ ادائیگی کے نرخ جاری کردیئے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ گریڈ 17 کے افسران کو 450 مفت بجلی یونٹس کے عوض ماہانہ 15 ہزار 858 روپے، گریڈ 18 کے افسران کو 600 یونٹس کے عوض 21 ہزار 996 روپے ادا کیے جائیں گے۔
اسی طرح گریڈ 19 کے افسران کو 880 یونٹس کے عوض ماہانہ 37 ہزار 954 روپے جبکہ گریڈ 20 کے افسران کو 1100 یونٹس کے عوض 46 ہزار 992 روپے دیے جائیں گے۔
پیسکو کے مطابق مونیٹائزیشن کا اطلاق متعلقہ شرائط اور دیگر قواعد و ضوابط کے تحت ہوگا، جبکہ اس کا عمل وفاقی پاور ڈویژن کے احکامات کے مطابق کیا جائے گا۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) نے ملازمین کے لیے نئے پے اسکیلز اور مختلف الاؤنسز میں اضافے کی منظوری دی تھی، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ ٹیسکو ملازمین کو رننگ بیسک پے پر 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا جائے گا، جبکہ بی پی ایس 1 سے 22 تک کے لیے 15 فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس مقرر کیا گیا ہے۔
ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس کا حساب 30 جون 2022 کی بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
فیصلے کے تحت کنوینس الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ بھی منظور کیا گیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

