لاہور : مفت ای بائیک حاصل کرنے کے لیے درخواست دینے والے طلبا کے لیے اہم ہدایات جاری کردی گئی ، جس میں کہا جعلی ویب سائٹس اور غیر سرکاری لنکس سے محتاط رہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیک اسکیم کا آن لائن پورٹل اس وقت غیر فعال ہے، جس کے باعث طلبہ اور دیگر اہل افراد فی الحال رجسٹریشن کے عمل تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے شروع کی گئی ای بائیک اسکیم کا مقصد طلبہ کو موٹر سائیکل، بالخصوص الیکٹرک بائیکس، آسان فنانسنگ کے ذریعے فراہم کرنا ہے۔
سرکاری معلومات کے مطابق اسکیم کے لیے عموماً 18 سال یا اس سے زائد عمر کے طلبہ اہل ہیں، جبکہ امیدوار کا ایچ ای سی سے تسلیم شدہ کالج یا یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہونا اور موٹر سائیکل کا لرنر پرمٹ یا ڈرائیونگ لائسنس رکھنا بھی ضروری ہے۔
اسکیم کا سرکاری آن لائن پورٹل bikes.punjab.gov.pk ہے، جہاں سروس فعال ہونے کی صورت میں رجسٹریشن اور اسکیم سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
حکام نے طلبہ کو جعلی ویب سائٹس اور غیر سرکاری لنکس سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، امیدوار کسی بھی غیر سرکاری ویب سائٹ پر اپنا شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر، بینکنگ معلومات یا دیگر ذاتی معلومات درج نہ کریں۔
حکام کے مطابق رجسٹریشن کا عمل دوبارہ شروع ہونے کے حوالے سے باقاعدہ اعلان پنجاب حکومت کے سرکاری ذرائع سے کیا جائے گا، اس لیے طلبہ کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع پر اعتماد کرنے سے گریز کریں۔

