چوہنگ ٹریننگ کالج میں مبینہ کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر ایکسٹرنل آڈٹ کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ سال ہونے والی انکوائری میں 22 کروڑ روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا تھا۔
انکوائری کمیٹی نے مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے سابق کمانڈنٹ کے گزشتہ دو سال کے مالی معاملات کا آڈٹ کرانے کی سفارش کی تھی۔ اب ایکسٹرنل آڈٹ ٹیم نے ریکارڈ کے حصول کیلئے آئی جی آفس سے متعلقہ تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کرپشن اسکینڈل میں نامزد افسران، اہلکاروں اور ٹھیکیداروں کا کیس مزید کارروائی کیلئے اینٹی کرپشن کو بھجوا دیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن میں ڈی آئی جی، ڈی ایس پی، 4 انسپکٹرز، 2 سب انسپکٹرز، اکاؤنٹنٹ اور ٹھیکیدار کے نام مقدمہ درج کرنے کیلئے بھجوائے گئے ہیں۔
دوسری جانب ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ کے خلاف انکوائری بھی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھجوا دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں ریگولر انکوائری مکمل ہونے کے بعد ڈی آئی جی کے خلاف مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری افسران نے محبوب اسلم للہ کے گزشتہ دو سال کے مالی معاملات کے آڈٹ کی بھی سفارش کی ہے۔ اسکینڈل میں نام آنے والے ڈی آئی جی کو او ایس ڈی جبکہ دیگر افسران و اہلکاروں کو معطل کرکے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایکسٹرنل آڈٹ مکمل ہونے کے بعد مزید انکوائری اور کارروائی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

