وزارتِ مذہبی امور کی ہدایت پر پرائیویٹ حج سکیم کے عازمین کے لیے حج پیکیجز ڈیجیٹل پورٹل پر اپ لوڈ کر دیے گئے ۔
پرائیویٹ حج سکیم کے عازمین کے لیے حج پیکیجز ڈیجیٹل پورٹل پر اپ لوڈ کئے جانے کے بعد’’پاک حج ایپ‘‘ اور حج پورٹل کے ذریعے بکنگ کے عمل میں تیزی آ گئی ہے۔
وزارت نے عازمین کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی فراڈ سے بچنے کے لیے تمام ادائیگیاں اور پیکیج کا انتخاب صرف آفیشل ڈیجیٹل ذرائع سے ہی کریں۔
وزارتِ مذہبی امور کی ہدایت پر بیشتر حج منظم کمپنیوں نے اپنے حج پیکیج ڈیجیٹل پورٹل پر اپ لوڈ کر دیے ہیں۔وزارت مذہبی امورکے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 16 بنیادی حج پیکیج فائنل کیے گئے ہیں،رواں برس پرائیویٹ حج سکیم کے پیکیج 14 لاکھ سے ساڑھے 37 لاکھ روپے کے درمیان ہیں،پرائیویٹ سکیم میں مختصر دورانیے، بیرون ملک سے براہِ راست پروازوں اور فائیو اسٹار حج پیکیج کے انتخاب کی سہولت موجودہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امورکے مطابق پرائیویٹ عازمینِ حج پیکیج کا انتخاب اور ادائیگی صرف حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے کریں۔کسی فرد یا کمپنی کو براہِ راست رقم کی ادائیگی کی صورت میں وزارت کسی نقصان کی ذمہ دار نہیں ہوگی،رواں برس پرائیویٹ حج سکیم کے لیے 71 ہزار 684 نشستیں مختص کی گئی ہیں،وزارتِ مذہبی امور نے پرائیویٹ حج سکیم میں پیکیج کے انتخاب اور ادائیگی کی آخری تاریخ 20 نومبر مقرر کی ہے،مقررہ تاریخ تک کوٹہ مکمل نہ ہونے کی صورت میں وزارت کو ازسرِنو کوٹہ مختص کرنے کا اختیار حاصل ہے۔

