راولپنڈی: پاک فوج کی بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں میں 36 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں اس دوران بھارتی پراکسیز، فتنہ الہندوستان، فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔
24 گھنٹے میں مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کی گئیں۔
4 ستمبر کو مستونگ آپریشن میں فورسز نے 6 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد کو ہلاک کیا جن سے گولہ بارود کے ذخیرے، دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات تباہ کیا گیا۔
ہمیں تھریڈز پر فالو کریں https://www.threads.com/@arynewstv
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ایک اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کوئٹہ کے علاقے شعبان میں کیا گیا جس میں 4 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنا کر 26 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔
قلات میں فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا اس دوران 2 ہندوستانی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، ادھر سبی میں فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ 72 گھنٹے میں بلوچستان بھر میں 48 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے، رواں سال مارے جانے والے دہشت گردوں کی تعداد 1188 ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزم استحکام وژن کے تحت انسداد دہشت گردی آپریشنز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔
