وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت پنجاب صاف پانی اتھارٹی میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سی ای او پنجاب صاف پانی اتھارٹی ذوالفقار احمد بھون نے کی۔اجلاس میں لاہور سمیت صوبہ بھر کے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کی اندرونی اور بیرونی صفائی ہر صورت یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
سی ای او ذوالفقار احمد بھون نے ہدایت کی کہ پانی بھرنے کی جگہ کو ہر وقت صاف اور جراثیم سے پاک رکھا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری پینے کا پانی فراہم کیا جا سکے۔
سی ای او نے فیلڈ افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کا روزانہ دورہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صفائی سے قبل اور بعد کی جیو ٹیگ تصاویر بھی لازمی اپ لوڈ کی جائیں تاکہ نگرانی کا مؤثر نظام برقرار رکھا جا سکے۔

