اسلام آباد (4 ستمبر 2026): پاکستانی کھجور کی متنوع اقسام کی عالمی منڈیوں تک رسائی سے برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔
ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان میں کاروباری اور برآمدی نظام مضبوط بنانے کے اقدامات جاری ہیں اور پاکستانی کھجور اپنی متنوع اقسام کے باعث عالمی مارکیٹ میں نمایاں برآمدی صلاحیت رکھتی ہے۔
عسیل، ڈھکی، بیگم جنگی، کُپرو، مزواتی سمیت پاکستانی کھجور کی متعدد اقسام عالمی سطح پر صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور کے پی میں کاشت کی جانے والی کھجوریں پاکستان کی زرعی تنوع کی عکاسی کرتی ہیں۔
پاکستانی کھجوروں کےلیےعالمی طلب، متنوع اقسام اور بہتر معیار برآمدات میں اضافے کی وجہ ہے جب کہ معیاری پیداوار، جدید پیکیجنگ اور بہتر برآمدی نظام کے ذریعے پاکستانی کھجور عالمی مارکیٹ میں مسابقت بڑھا رہی ہے۔
ایس آئی ایف سی کے حکومتی سطح پر مربوط اقدامات سے کاروباری ماحول اور برآمدی شعبوں میں سہولت کاری کو فروغ مل رہا ہے اور پاکستانی کھجور کی برآمدات میں اضافہ دیہی معیشت، کسانوں کی آمدن اور زرعی شعبے کی ترقی میں کردار ادا کر رہا ہے۔

