لاہور : حکومت پنجاب نے خواتین کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ایک ٹول فری ہیلپ لائن متعارف کرائی گئی ہے جہاں قانونی و نفسیاتی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق حکومت پنجاب نے خواتین کو محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کرنے کے لیے ضلعی سطح پر امدادی اقدامات مزید مؤثر بنانے کا اعلان کیا ہے۔
کسی بھی قسم کے گھریلو تشدد، جسمانی ہراسانی یا آن لائن مسائل کا سامنا کرنے والی خواتین ٹول فری ہیلپ لائن 0800-01737 پر فوری رابطہ کر سکتی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ پولیس، ہسپتالوں اور نفسیاتی ماہرین کے تعاون سے متاثرہ خواتین کو مفت اور غیر جانبدارانہ امداد فراہم کر رہی ہے۔
حکام کے مطابق ہیلپ لائن کے ذریعے خواتین کو ریسکیو سروسز، قانونی مشاورت، نفسیاتی معاونت اور متعلقہ اداروں سے رابطے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
متاثرہ خواتین کو قانونی حقوق، ایف آئی آر کے طریقہ کار، عدالتی معاملات اور دیگر قانونی امور سے متعلق رہنمائی بھی دی جاتی ہے۔
حکومتِ پنجاب خواتین کو ایک محفوظ اور پروقار ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام تر انتظامی وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ کسی بھی قسم کے گھریلو تشدد، جسمانی ہراسانی یا آن لائن مسائل کی صورت میں خواتین ٹول فری ہیلپ لائن 080001737 پر فوری رابطہ کر سکتی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد… pic.twitter.com/V2TpwRRMI3
— Deputy Commissioner Lahore (@DCLahore) September 2, 2026
ضلعی انتظامیہ کے مطابق خواتین تحفظ مرکز، شیلٹر ہوم، پولیس اسٹیشن اور ہسپتالوں سمیت مختلف سہولیات تک رسائی بھی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ نفسیاتی مشاورت کے ذریعے متاثرہ خواتین کو جذباتی اور ذہنی معاونت دینے کا انتظام موجود ہے۔
حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ خواتین کے تحفظ اور انہیں باوقار ماحول کی فراہمی کے لیے تمام انتظامی وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور متاثرہ خواتین کسی بھی مشکل صورتحال میں ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتی ہیں۔

