لندن: قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان ہاؤس لندن پہنچ گئی جہاں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں ہائی کمیشن کی جانب سے عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سمیت قومی ٹیم کے کھلاڑی ڈنر میں شریک ہوئے جبکہ اس دوران نئے کوچ مائیک ہیسن بھی موجود تھے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ایشین بریڈ مین ظہیر عباس بھی عشائیے میں شریک ہوئے۔ اسکواڈ میں شامل ہونے والے نئے کھلاڑی عرفات منہاس بھی پاکستان ہاؤس پہنچ گئے۔
رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بیماری سے متعلق سامنے آنے والی خبروں کے حوالے سے بھی صورتحال واضح ہوگئی ہے بابر اعظم ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیسے بھی حالات ہیں یہی ٹیم پرفارم کرے گی۔
محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ لندن میں پاکستان ہاؤس میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کی اور شرکا سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لڑکوں پر اعتماد ہے خود اعتمادی ہو تو بڑے سے بڑا امتحان بھی پاس ہو جاتا ہے، جیسے بھی حالات ہیں یہی ٹیم پرفارم کرے گی۔

